ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سونیاگاندھی نے اتر پردیش میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کیا 

سونیاگاندھی نے اتر پردیش میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کیا 

Tue, 02 Aug 2016 18:55:13    S.O. News Service

بنارس ، 2 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )انتخابی جنگ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ تک وسعت دیتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے2017میں ہونے والے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آج یہاں افتتاح کیا۔سونیا آج ایک روزہ پروگرام کے تحت یہاں پہنچیں، ان کے آگے سینکڑوں بائک سوار حامی پارٹی کا پرچم لہراتے ہوئے ہوائی اڈے سے شہر کے بیچ میں پہنچے۔کانگریس صدر یہاں ایک روڈ شو میں بھی شرکت کریں گی، اس کے تحت وہ شہر کے مختلف حصوں میں جائیں گی۔اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا آغاز وارانسی سے کرنے کے پارٹی کے فیصلے کو وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلے چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے یہ سونیا کا پہلا وارانسی دورہ ہے۔شام کے وقت وہ کاشی وشوناتھ مندر میں پوجا ارچنا بھی کریں گی۔اس دورہ کے دوران ریاست میں وزیر اعلی کے عہدے کی امیدوار شیلا دکشت، اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد، یوپی سی سی کے سربراہ راج ببر، پارٹی کے سینئر لیڈر پرمود تیواری اور سنجے سنگھ ان کے ساتھ رہیں گے ۔کانگریس نے وارانسی میں ترقیاتی کاموں کی کمی کو بے نقاب کرنے کے لیے ’درد بنارس‘مہم کی شروعات کی ہے۔مودی گزشتہ دو سال سے لوک سبھا میں اس علاقے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔غورطلب ہے کہ کانگریس گزشتہ 27سالوں سے اتر پردیش میں اقتدار سے باہر ہے۔’27سال یوپی بے حال ‘نامی مہم کے دوران وہ کہہ رہی ہیں کہ ریاست کی صورتحال گزشتہ 27سالوں میں بد سے بدتر ہو گئی ہے۔وارانسی کو مشرقی اتر پردیش علاقے میں خاصی اہمیت حاصل ہے، ریاست کی 403اسمبلی سیٹوں میں سے تقریبا 160سیٹیں مشرقی اتر پردیش میں ہی آتی ہیں۔2014کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو صرف دو ہی سیٹ ، امیٹھی اور رائے بریلی جیت ملی تھی ۔اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج 2019کے لوک سبھا انتخابات کے لیے بھی زمین تیار کریں گے۔ اسمبلی انتخابات میں انتخابی حکمت عملی کے لیے کانگریس پرشانت کشور کی مدد لے رہی ہے۔کشورنے اس سے پہلے لوک سبھا انتخابات میں مودی کے لیے اور بہار اسمبلی انتخابات میں نتیش کمار کے لیے انتخابی حکمت بنائی تھی ۔


Share: